لاہور (سب نیوز)قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے ملک کے معاشی وسائل پر قابض کرپٹ عناصر خزانوں پر بیٹھے کالے سانپ ہیں۔ مسائل کے حل کے لیے ایک ٹھوس حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے قیام کو 75 سال گزرنے کے باوجود جبری اور مفت تعلیم کے نفاذ نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے ۔ سرکاری خرچ پر ایسا تعلیمی نظام ہو جہاں امیر اور غریب کا بچہ ایک ساتھ پڑھے۔ نجی تعلیمی ادارے اور سرکاری تعلیمی اداروں میں فرق ختم ہونا چاہیے ، امیر اور غریب کو اکٹھے پڑھنا چاہیے ، ملک کی بقا اور ترقی کو حقیقی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے مشروط ہے۔ عدلیہ، پریس اور فوج سمیت تمام اداروں کو اپنے آئینی حدود میں رہنے کی گزارش کرتا ہوں ۔
پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کا جغرافیائی اور سیاسی کردار ایک سہولت کار کا ہے۔ پاکستان ایران اور دیگر قوتوں کے درمیان پیغامات کی منتقلی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ خطے کے مسائل کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں مذاکرات کی تجویز دیتا ہوں۔ ان مذاکرات میں روس، چین، فرانس، برطانیہ اور امریکہ جیسے بڑے ممالک کو شامل ہونا چاہیے۔ عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلا کو روکنے اور مساوی قوانین کی ضرورت ہے۔ اگر سنجیدہ مذاکرات نہ ہوئے تو یہ صورتحال ایک خطرناک جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ صرف نعرے لگانے سے پاکستان کی بقا اور ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان کی اصل مضبوطی غریب عوام (پنجابی، سندھی، بلوچ اور پشتون)کی خوشحالی میں ہے۔ ملک کے تمام صوبوں کے پسماندہ طبقات کو حقوق ملنے پر ہی ‘پاکستان زندہ باد’ کا خواب سچا ہوگا۔
قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے مزید کہا سامراجی نظام کو ایک ایسا دیو ہے جس کی جان مختلف طبقات میں چھپی ہے۔ سامراج کی طاقت یہاں کے سرمایہ داروں، سیٹھوں اور وڈیروں کے قبضے میں ہے۔ بیوروکریٹس، سردار اور پشتون خان جیسے بااثر طبقات بھی اسی استحصالی نظام کا حصہ ہیں۔ جب تک ان ظالم طبقات کو پیچھے نہیں دھکیلا جائے گا، تب تک تبدیلی ممکن نہیں۔ ان درندوں کے خاتمے کے بعد ہی اصل مزدور کی حکمرانی اور باری آئے گی۔ ملک میں اشرافیہ اور بااثر لوگ کوئی تعمیری کام نہیں کرتے۔ صرف غریب ہاری محنت کرتا ہے، مگر وہ اس قدر مجبور ہے کہ اپنے بچوں کا پیٹ بھی نہیں پال سکتا۔ موجودہ طریقہ کار سے پاکستان کو مزید نہیں چلایا جا سکتا۔ ملک کی بقا صرف سب کے لیے برابر آئین اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔
ملک کے معاشی وسائل پر قابض کرپٹ عناصر خزانوں پر بیٹھے کالے سانپ ہیں،محمود خان اچکزئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
