Wednesday, April 29, 2026
ہومبریکنگ نیوزدبئی میں وزارتی ترقیاتی کونسل کا نام بدل کر ’اے آئی کونسل‘ رکھ دیا گیا

دبئی میں وزارتی ترقیاتی کونسل کا نام بدل کر ’اے آئی کونسل‘ رکھ دیا گیا

دبئی/ ابوظہبی: (آئی پی ایس) متحدہ عرب امارات میں وزارتی ترقیاتی ڈھانچے میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے ’’المجلس الوزاري للتنمي ‘‘ کا نام تبدیل کر کے ’’المجلس الوزاري للذ اء الاصطناعي والتنمي ‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔

الخليج کے مطابق یہ ہدایت نائب صدر، وزیرِاعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کے تناظر میں جاری کی، جبکہ نئی کونسل کی سربراہی شیخ منصور بن زاید النہیان کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلی نئی حکومتی ورک ماڈل کے تحت کی گئی ہے، جس کا ہدف آئندہ 2 برس میں متحدہ عرب اماراتی حکومت کے پچاس فیصد شعبوں، خدمات اور آپریشنز کو خودکار اور خودعملی مصنوعی ذہانت ماڈلز کے ذریعے چلانے کی سمت لے جانا ہے۔

کہا گیا ہے کہ یہ قدم حکومتی کارکردگی، پالیسی سازی، لچک، جدت اور خدمات کی رفتار بہتر بنانے کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس میں انسان کو مرکزی اہمیت دینے کا اصول برقرار رکھا گیا ہے۔

الخليج کے مطابق نئی کونسل وزارتوں اور وفاقی اداروں کی پالیسیوں، قومی ترجیحات، حکومتی پروگراموں اور منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی، جبکہ مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کی جانے والی قانون سازی، حکمت عملیوں اور تجاویز کا جائزہ لے کر کابینہ کو سفارشات بھی بھیجے گی۔

اس کے ساتھ یہ ادارہ صحت، تعلیم، رہائش، بنیادی ڈھانچے، نقل و حمل، توانائی اور مواصلات جیسے اہم شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو تیز کرے گا تاکہ سرکاری خدمات زیادہ مؤثر، تیز اور جدید بن سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔