Wednesday, April 29, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان کے صحت کے نظام میں ڈریپ نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا

پاکستان کے صحت کے نظام میں ڈریپ نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا

اسلام آباد:(آئی پی ایس)ڈریپ کی سینٹرل ڈرگز لیبارٹری کراچی نے (ڈبلیو ایچ او) کی پری کوالیفکیشن کامیابی سے حاصل کر لی ہے، جو پاکستان کے صحت کے نظام میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔


ترجمان وزارت صحت کے مطابق پری کوالیفکیشن سے ملک میں ادویات کی جانچ کے معیار کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ درجہ حاصل ہوگیا ہے۔
سرٹیفکیشن کے حصول سے ڈریپ کی ٹیسٹنگ سروسز عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ سخت معیار پر پوری اترتی ہیں۔ اس لیبارٹری میں جانچی جانے والی ادویات محفوظ، مؤثر اور اعلیٰ معیار کی حامل ہیں۔


وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس اہم کامیابی پر ڈریپ اور سی ڈی ایل کراچی کی تکنیکی ٹیم کو مبارکباد دی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی حکومتی صحت اصلاحات میں ایک بنیادی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے، صحت کے نظام کو محض علاج تک محدود رکھنے کے بجائے ایک جامع ہیلتھ کیئر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں جہاں بیماریوں کی روک تھام اور معیار کو اولین ترجیح حاصل ہو۔


انکا کہنا تھا کہ قومی لیبارٹریوں میں ادویات کا عالمی معیار کے مطابق تجزیہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی پہلی دفاعی لائن ہے، یہ کامیابی میڈ اِن پاکستان ادویات پر عالمی اعتماد کو بھی فروغ دے گی۔ اب ملکی دوا ساز صنعت کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور مریضوں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا، وزارتِ صحت ریگولیٹری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے، غیر معیاری اور جعلی ادویات کے سدباب کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔