Thursday, April 23, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد کردیا

پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد کردیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو اسلام آباد سے جوڑنے کی حالیہ مہم اور بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے بھارتی پروپیگنڈا قرار دیا ہے، ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک سخت ردِعمل میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف الزامات کا سہارا لینا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر علاقائی و عالمی امن اور سلامتی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کررہا ہے، بھارت کا یہ معاندانہ رویہ افسوسناک ہے، بھارت علاقائی بحران کے اس دور میں بھی اپنے جھوٹے بیانیے کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ اپنے اندرونی سیاسی مقاصد حاصل کرسکے۔

دفتر خرجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس آپریشن بنیان المرصوص کی صورت میں اپنی ناکام مہم جوئی کا منہ توڑ جواب ملنے کے بعد، بھارت اب اپنی ریاستی دہشتگردی اور علاقائی مداخلت پر پردہ ڈالنے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ بھارت ایسی مہم جوئی کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت سے نہیں ہٹا سکتا۔ اعلامیے میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے پر مجبور کرے اور اسے ایسے اقدامات سے روکے جو خطے میں امن و سلامتی کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔