Wednesday, April 22, 2026
ہومبریکنگ نیوزپی ٹی سی ایل گروپ نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3.1 ارب روپے منافع حاصل کر لیا

پی ٹی سی ایل گروپ نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3.1 ارب روپے منافع حاصل کر لیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) گروپ نے 31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرتے ہوئے 3.1 ارب روپے خالص منافع حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 4 ارب روپے کے خسارے کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔کمپنی کے مطابق اس عرصے کے دوران گروپ کی مجموعی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی بڑی وجہ ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعد اس کے مالی نتائج کی شمولیت اور مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے آپریٹنگ منافع میں بھی غیر معمولی 564 فیصد اضافہ ہوا جس میں یوفون کی بہتر کارکردگی، یوبینک کی بحالی اور مضبوط آپریشنل نتائج نے اہم کردار ادا کیا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کی منظوری دے دی ہے جبکہ یکم جنوری 2026 سے ٹیلی نار پاکستان کے مالی نتائج کو باضابطہ طور پر پی ٹی سی ایل گروپ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس انضمام سے ملک میں ٹیلی کام سروسز کے معیار اور کوریج میں بہتری کی توقع ہے۔

وائر لائن شعبے میں کمپنی کی آمدن میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا جس کی بڑی وجہ فلیش فائبر اور بزنس سلوشنز میں ترقی رہی جبکہ اس شعبے کا آپریٹنگ منافع 4.6 ارب روپے رہا۔دوسری جانب وائرلیس شعبے میں 131 فیصد آمدنی کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جبکہ آپریٹنگ منافع 190 فیصد اضافے کے ساتھ 14.1 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اس شعبے نے گزشتہ سال کے نقصان کے مقابلے میں 2.7 ارب روپے خالص منافع حاصل کیا۔بینکاری شعبے میں یوبینک نے 5.8 ارب روپے آمدن حاصل کی جس میں گزشتہ عرصے کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

آپریشنل طور پر پی ٹی سی ایل گروپ نے پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی تاریخی 5G نیلامی میں اہم اسپیکٹرم حاصل کیا جس سے کمپنی کو جدید کنیکٹیویٹی خدمات فراہم کرنے میں برتری حاصل ہوئی۔ اس اسپیکٹرم کو یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے مشترکہ نیٹ ورک میں استعمال کیا جائے گا جس سے 7 کروڑ سے زائد صارفین کو بہتر سروسز فراہم کی جا سکیں گی۔کمپنی نے فلیش فائبر سروسز کو مزید بہتر بناتے ہوئے 30 ایم بی پی ایس سے شروع ہونے والے نئے پیکجز بھی متعارف کرائے جبکہ ڈیجیٹل سروسز، کلاڈ، ڈیٹا سینٹرز اور سائبر سیکیورٹی سلوشنز کی طلب میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے اس عرصے میں مختلف سماجی اقدامات بھی جاری رکھے جن میں خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، پولیو آگاہی مہمات اور جنوبی پنجاب و تھر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق مضبوط مالی کارکردگی اور اسٹریٹجک اقدامات کے باعث پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں آ گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔