اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ وفات کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداری اور اتحاد کا شعور اجاگر کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے افکار آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی تعلیمات میں پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد موجود ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو اقبال کے پیغامِ خودی، علم اور عمل سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی، خود انحصاری اور قومی یکجہتی میں علامہ اقبال کے نظریات کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت اور ایک روشن مستقبل کا تصور دیا، جو بعد ازاں قیامِ پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ وفات کے موقع پر پوری قوم علامہ محمد اقبال کی قومی و فکری خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنائیں۔
