واشنگٹن(آئی پی ایس )سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ رول اوور کردیے ہیں، جس کے لیے اسٹیٹ بینک اور سعودی فنڈ برائے ترقی میں باقاعدہ معاہدہ طے پاگیا اور دستخط بھی ہوگئے ہیں۔وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک اہم مالی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جس میں امریکا میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے یہ تقریب عالمی بینک اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔ڈپازٹ رول اوور کے معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو افسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ پاک-سعودی عرب مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے، معاہدے سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کومزید تقویت ملے گی واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر ڈپازٹ موصول ہوگئے ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں، ڈالر موصول ہونے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں یک دم بڑی کمی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
پاکستان کو رواں ماہ ہی متحدہ عرب امارات کو ساڑھے 3 ارب ڈالر ادائیگی کرنی ہے، یو اے ای نے اپنے ڈالر ڈپازٹس رول اوور کرنے سے انکار کر دیا تھا، پاکستان نے رواں ماہ ہی یوروبانڈ میچیورٹی کی مد میں بھی ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ادا کیے تھے۔
