ہوماسلام آبادایران امریکہ معاہدے سے پاکستانی معیشت کو ریلیف ملنے کی توقع ہے،عمیس خٹک

ایران امریکہ معاہدے سے پاکستانی معیشت کو ریلیف ملنے کی توقع ہے،عمیس خٹک

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر عمیس خٹک نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت کو بڑا ریلیف ملے گا۔

اس معاہدے کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی صنعت و تجارت کے لیے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی جس کا براہِ راست فائدہ مینوفیکچرنگ سیکٹر، ٹرانسپورٹ اور عام صارفین کو ہوگا۔ مہنگائی میں کمی سے قوتِ خرید بہتر ہوگی اور صنعتی یونٹس کو بجلی و گیس کے بعد اب ایندھن کی مد میں بھی ریلیف ملے گا۔عمیس خٹک نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام اور صنعت تک منتقل کیا جائے۔ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ ایران-امریکہ کشیدگی میں کمی سے علاقائی تجارت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے پاکستان بطور ٹرانزٹ روٹ مستفید ہو سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز میں اضافہ کر کے عالمی ریلیف کو زائل نہ کیا جائے۔ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن حکومت کے ساتھ مل کر معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران پر عالمی پابندیاں ہٹنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے وسیع مواقع پیدا ہو گئے ہیں،ان سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہیے۔پاکستان کا انڈسٹری سیکٹر اس حوالے سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔