Friday, April 17, 2026
ہومبریکنگ نیوزشیخ حسینہ کی حوالگی کا فیصلہ قانونی عمل کے تحت ہوگا، بھارت کا بنگلہ دیش کو جواب

شیخ حسینہ کی حوالگی کا فیصلہ قانونی عمل کے تحت ہوگا، بھارت کا بنگلہ دیش کو جواب

نئی دہلی (آئی پی ایس )بھارت نے بنگلہ دیش کی جانب سے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی واپسی سے متعلق درخواست کا باضابطہ جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کو قانونی اور عدالتی طریقہ کار کے تحت نمٹایا جائے گا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بنگلہ دیش کی درخواست کا ملک کے داخلی قانونی فریم ورک اور طے شدہ پروٹوکولز کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی اس معاملے میں تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارت نے 2025 میں بنگلہ دیش کی درخواست موصول ہونے کی تصدیق کی تھی اور اب اس کا تفصیلی قانونی جائزہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق شیخ حسینہ اگست 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے بھارت میں مقیم ہیں۔

معاملے کی حساسیت کے باوجود بھارت نے عندیہ دیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات برقرار رکھے گا۔ترجمان کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے بھی ڈھاکہ میں نئی حکومت کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئی تجاویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر جلد باضابطہ ملاقاتوں کا امکان ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔