باجوڑ(آئی پی ایس )افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری، 2 بچوں سمیت 3 افرادشہید، 3شدید زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان کی باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاوں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت جاری ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2بچوں سمیت 3افراد شہید،3 شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اِسی طرح افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے، پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی میں افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کر دیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا، باجوڑ کے مکینوں نے اِس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں، افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا اِن کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔
