اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے وفاقی حکومت کی جانب سے مارکیٹ کے محدود اوقات کے نفاذ کے باعث اسلام آباد کی تاجر برادری کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کے روز چیمبر ہاس میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سخت کاروباری اوقات کے نفاذ سے نہ صرف تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری اوقات کے دوران دو گھنٹے سے زیادہ کی لوڈ شیڈنگ نے صورتحال کو مزید گھمبیر کر دیا ہے، جس سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور بہت سے تجارتی کام ٹھپ ہونے کے قریب ہیں۔
سردار طاہر محمود نے یاد دلایا کہ خریداری کے محدود اوقات نے بجلی کی بندش کے ساتھ مل کر معمول کی زندگی کو زیادہ مشکل بنا دیا ہے، خاص طور پر شام کے اوقات میں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں میں متضاد پالیسیاں امتیازی سلوک کا احساس پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جب سندھ میں بازار رات 9:00 بجے تک اور ریستوراں رات 11:30 بجے تک کام کرتے ہیں، اسلام آباد میں کیوں نہیں کر سکتے ۔۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اصلاحی اقدامات اٹھائے جس میں کاروباری اوقات پر نظرثانی کرنا، اسلام آباد میں بازاروں کو کم از کم رات 10 بجے تک کھلا رہنے کی اجازت دینا، ریستورانوں اور کھانے پینے کی دکانوں کے لیے معقول اوقات متعارف کرانا، اور پیک آورز میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل ضروری ہے، خاص طور پر خلیجی ممالک سے کہ جہاں موجودہ صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے۔تاجر برادری کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تاجروں اور صنعت کاروں نے ہمیشہ قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کیا ہے لھذا وہ غیر ضروری پابندیوں کے بجائے سہولت کے مستحق ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ پاک امریکہ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ تاجر برادری نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور مستقبل میں بھی اسی طرح کی اہمیت کی کسی بھی مصروفیت کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ اس طرح کے واقعات کا براہ راست تعلق ملک کے وقار اور عالمی حیثیت سے ہوتا ہے۔
اس موقع پر صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے کاروباری اوقات کے تعین کے لیے ایک قابل عمل اور مشاورتی طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ کاروباری برادری کے حوالے سے اپنے بیانات میں احتیاط برتیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کمیونٹی کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو اس کے پاس احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
پریس کانفرنس میں سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، اسحاق سیال، عبدالرحمن صدیقی، راجہ نوید ستی، نجیب الہی ملک، ذوالقرنین عباسی، سابق ایس وی پیز خالد چوہدری، ملک نوید سینئر ممبران اسرار مشوانی ، راجہ مجید مارکیٹس کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
