اسلام آباد(سب نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملے مسلم امہ کو آپس میں دست وگریباں کرنے کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ہے۔
جمعیت علما اسلام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ان حملوں کو سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہیں، ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر سعودی قیادت،عوام اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے روز اول سے امریکی پشت پناہی میں اسرائیل کی فلسطینیوں کیخلاف جارحیت کی مخالفت کی
ہم نے اسرائیل کی عرب دنیا اور ایران تک توسیع پسندانہ عزائم کی بھرپور مخالفت کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار نشاندہی کر رہے ہیں کہ اسلامی ممالک کو آپس میں تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہے، بار بار نشاندہی کر رہے ہیں کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اسلامی ممالک کو ایک اسلامی بلاک کی تشکیل کی طرف جانا ہوگا۔

