مظفرآباد(آئی پی ایس )اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل کی زیر صدارت آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کی تیاریوں سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہوئے شفاف، منصفانہ اور بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کا شیڈول مئی میں جاری کیا جائے گا جبکہ انتخابات مقررہ وقت پر پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں انتخابی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور مثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ووٹر لسٹوں کی بروقت تیاری، پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی بہتری اور انتخابی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر گیلانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نادرا ڈیٹا بیس کے ساتھ الیکٹورل رول کا ڈیجیٹل لنک مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے شہری خودکار طور پر ووٹر لسٹ میں شامل ہو جائیں گے جبکہ شناختی کارڈ میں کسی بھی تبدیلی کی معلومات بھی خود بخود الیکشن کمیشن کو موصول ہوں گی۔
