اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں ایدھی آفس بند ہونے سے متعلق خبروں پر ضلعی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آ گیا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق آبپارہ میں ایدھی سینٹر کا مکمل آفس نہیں بلکہ صرف ایک کنٹرول روم قائم تھا، جو سی ڈی اے کی ملکیتی جگہ پر بنایا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ 1990 میں دس سالہ معاہدہ کیا گیا تھا، جو سن 2000 میں ختم ہو گیا تھا۔ معاہدہ ختم ہونے کے بعد ایدھی انتظامیہ کو جگہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 26 برسوں کے دوران ایدھی انتظامیہ کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے، جن کی تفصیلات اور رینٹل ایگریمنٹ بھی شیئر کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایدھی سینٹر کو سیکٹر ایچ-8 میں متبادل جگہ فراہم کی جا چکی ہے۔ رمضان سے قبل ایدھی انتظامیہ نے دو ماہ کی مہلت طلب کی تھی اور عید کے بعد کنٹرول روم ایچ-8 منتقل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال جگہ خالی کروانے کے لیے کوئی آپریشن نہیں کیا گیا، جبکہ کنٹرول روم بند کیے جانے کی خبر بھی انتظامیہ کو میڈیا کے ذریعے ہی موصول ہوئی ہے۔
