Wednesday, March 18, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ، باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ، باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اختلافات کو مذاکرات و سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے ۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس دوران دونوں رہنمائوں نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لئے نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن و استحکام برقرار رکھنے اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔