تہران (آئی پی ایس )برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت اور ان کے بیٹے کے بال بال بچ جانے کی رپورٹ جاری کردی۔دی ٹیلی گراف کے مطابق منظر عام پر آنے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ سے انکشاف ہوا ہے کہ فروری کے آخر میں تہران میں خامنہ ای خاندان کے رہائشی کمپانڈ پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی میزائل حملوں کا اصل ہدف مجتبی خامنہ ای تھے۔
رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو ہونے والے اس حملے سے چند منٹ قبل مجتبی خامنہ ای عمارت سے باہر نکل کر باغیچے کی جانب چلے گئے تھے جس کے باعث وہ میزائل حملے میں بال بال بچ گئے۔البتہ اسی حملے میں ان کی ٹانگ شدید زخمی ہوگئی تھی جب کہ ان کی اہلیہ، بیٹے اور داماد شہید ہوگئے تھے۔یہ آڈیو ریکارڈنگ مبینہ طور پر 12 مارچ میں ہونے والے ایک اجلاس کی ہے جس میں شہید علی خامنہ ای کے دفتر کے شعبہ تشریفات کے سربراہ مظاہر حسینی علما اور پاسداران انقلاب کے کمانڈروں کو شہادت کی تفصیلات بتا رہے تھے۔
آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ مظاہر حسینی نے واضح طور پر بتایا کہ اس حملے میں مجتبی خامنہ ای کی ٹانگ پر چوٹ آئی جب کہ ان کی اہلیہ، بیٹا اور داماد موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔انھوں نے پاسداران انقلاب کے کمانڈرز کو بتایا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ملٹری آفس کے سربراہ محمد شیرازی اس حملے میں شہید ہوگئے اور ان کے جسم کے کچھ ہی حصے ملے۔ مظاہر حسینی نے بتایا کہ اس حملے میں سپریم لیڈر کے ملٹری آفس کے سربراہ محمد شیرازی کو نشانہ بنانے کا مقصد ایرانی عسکری قیادت میں جانشینی کے عمل کو متاثر کرنا تھا۔
