Tuesday, March 17, 2026
ہومتازہ ترینوفاقی حکومت کا منی لانڈرنگ ،حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا منی لانڈرنگ ،حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ

لاہور(سب نیوز)حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑے کریک ڈائون کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا، رقوم بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جا سکیں گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں منی لانڈرنگ و ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر سٹیٹ بینک اور وفاقی سیکرٹری خزانہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔گورنر سٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز سے رقوم کی ترسیل کے نظام بارے بریف کیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا، منی لانڈرنگ و ہنڈی کے کاروبار میں ملوث بڑے افراد اور اداروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، رقوم بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جا سکیں گی۔
منی چینجزز کے ذریعے رقوم بیرون ممالک بھجوانے کے عمل کو بھی سٹریم لائن کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے پورے میکنزم کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا،غیرقانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے تمام چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا، حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں۔ سٹیٹ بینک اور ایف آئی اے نے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ، ورکنگ گروپ تمام متعلقہ امور پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔