اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع وانا میں کامیاب حملے کا دعوی مسترد کردیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان طالبان کی نام نہاد وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وانا میں کامیاب حملہ کیا گیا ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں ایک ڈرون کو تباہ کردیا گیا جس سے کسی فوجی تنصیب یا انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت کے اس دعوے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مسلسل پروپیگنڈا اور جھوٹے دعوے پھیلا رہی ہے، جیسا کہ حال ہی میں پاکستان ایئر فورس کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے کے جھوٹے دعوے کیے گئے تھے، لہذا ان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔بیان کے مطابق ڈرون کی تصویر اور ویڈیو کلپ منسلک ہے، اور اس واقعے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حقیقت ہمیشہ جھوٹ پر غالب رہتی ہے۔
