Tuesday, March 10, 2026
ہومتازہ ترینفائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا تیسرا راونڈ مکمل، پی ٹی اے نے 507ملین ڈالر کما لئے

فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا تیسرا راونڈ مکمل، پی ٹی اے نے 507ملین ڈالر کما لئے

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے)کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کیلئے سپیکٹرم کی نیلامی کا تیسرا راونڈ مکمل ہو گیا، 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے پی ٹی اے نے 507 ملین ڈالر حاصل کر لئے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا اور اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا۔ابتدائی طور پر ملک کے 5 شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کیلئے نیلامی کی جا رہی ہے، بولی کیلئے اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔
نیلامی کا پہلا راونڈ مکمل ہوگیا ہے، جس کے بعد پہلے مرحلے کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 2600 میگاہرٹز بینڈ میں 190 میگاہرٹز سپیکٹرم ہے، 110 میگاہرٹز کی اضافی طلب ہے، دوسرے مرحلے میں سپیکٹرم کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 35 میگاہرٹز بینڈ میں 280 میگا ہرٹز اسپیکٹرم تھا جبکہ 200 میگاہرٹز کی ڈیمانڈ آئی ہے۔نیلامی کا دوسرا راونڈ بھی مکمل کر لیا گیا ہے، ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد نے نتائج کا اعلان کیا ہے، 2600 میں سے سوئچ کر کے 700 میں چلے گئے ہیں، 2600 میں 7 لاٹس زیادہ ہیں، ابھی بھی ڈیمانڈ زیادہ ہے، اس لئے قیمت بڑھائی جائے گی۔
پاکستان میں 5جی سپیکٹرم کی نیلامی کا تیسرا راونڈ مکمل ہوگیا، جس میں کل 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم فروخت ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمان نے اعلان کیا کہ 2300 اور 2600 میگا ہرٹز بینڈز کے تمام لاٹس بک ہو چکے ہیں، جبکہ 3500 میگا ہرٹز کے 28 لاٹس میں سے 22 فروخت ہوئے۔نیلامی میں مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے حصہ لیتے ہوئے سپیکٹرم خریدا، جس میں زونگ نے 110 میگا ہرٹز، یوفون نے 180 میگا ہرٹز اور جاز نے 190 میگا ہرٹز خریدے۔چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اس نیلامی سے کل 507 ملین ڈالر حاصل ہوئے اور اگلے مرحلے میں جمعرات کو اجلاس میں اس حوالے سے مزید بات ہوگی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کیلئے آج کا دن بہت اہم ہے، ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فائیو جی کی نیلامی کے حوالے سے کوششیں آج کامیاب ہوئیں، فائیو جی کی نیلامی کیلئے حکومت نے مکمل ایکوسسٹم بنایا، فائیو جی کے بہت سے یوز کیسز ہیں، ہم بلاک چین، اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، وزیر اعظم نے کل آن لائن کلاسز، ورک فرام ہوم کا اعلان کیا، علاقائی تنازع کے دوران یہ اقدامات اہم ہیں، اس سب کیلئے ہمیں سپیکٹرم کی ضرورت ہے، سپیکٹرم کی نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)شزا فاطمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ہو رہا ہے، جدید دور میں آئی ٹی کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کی معیشت کی بنیاد انٹرنیٹ ہے، جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر ایک کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان صرف 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر چل رہا تھا جبکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سپیکٹرم آکشن ہو رہا ہے، اس اقدام کے بعد جلد فور جی سروس میں نمایاں بہتری نظر آئے گی جبکہ آئندہ 6 ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہو جائے گی۔شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، ملکی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، فائیوج ی انٹرنیٹ کے اجرا کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
تقریب کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے کہا کہ آج وہ دن آگیا جس کا خواب دیکھا تھا، سپیکٹرم کی نیلامی کو ممکن بنانے کیلئے تمام اداروں کا شکرگزار ہوں، ملک میں سپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا، پی ٹی اے، فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ نے سپیکٹرم کی دستیابی ممکن بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 5 جی انٹر نیٹ سروس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولت میسر ہوگی، انٹرنیٹ کی فراہمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑی رکاوٹ ہے۔میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے ہے، یہ پاکستان کا انجن ہے، آج پاکستان کیلئے تاریخی دن ہے، ہم نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے رائیٹ آف وے چارجز ختم کر دیئے، رائیٹ آف وے چارجز 36000 روپے فی کلو میٹر سے زیرو کر دیئے گئے۔چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کی سہولت کیلئے جو ممکن ہوسکا حکومت نے کیا، اب بال انڈسٹری کے کورٹ میں ہے،امید ہے انڈسٹری بھرپور شرکت کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔