Thursday, April 30, 2026
ہومپاکستانایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاون، منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتاریاں،درجنوں جعلی شناختی کارڈز، پاسپورٹس برآمد

ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاون، منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتاریاں،درجنوں جعلی شناختی کارڈز، پاسپورٹس برآمد

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کے کاونٹر ٹیررازم ونگ(سی ٹی ڈبلیو)نے ایک بڑے اور منظم کرمنل نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک غیر ملکی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات اور پاسپورٹس فراہم کر کے انہیں بیرونِ ملک، خصوصا سعودی عرب، غیر قانونی طور پر بھجوانے میں ملوث تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق اس منظم نیٹ ورک میں مختلف سطحوں پر متعدد سہولت کار شامل تھے، جو جعلی دستاویزات کی تیاری سے لے کر ویزا پروسیسنگ اور بیرونِ ملک روانگی تک مکمل چین چلا رہے تھے۔ کیس میں ایف آئی آر نمبر 333/2025کے تحت ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو نیٹ ورک کے تمام پہلوں پر کام کر رہی ہے۔اب تک تین اہم ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید کارروائی کے دوران انسانی اسمگلر مدیر خان ولد شہزاد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جو اے ایچ ٹی سی اسلام آباد کے ایک مقدمے میں اشتہاری بھی تھا۔
چھاپوں کے دوران 60 جعلی قومی شناختی کارڈز، 12 جعلی پاسپورٹس، دستی رجسٹرز، جعلی گزٹڈ آفیسر کی مہر، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس اور دیگر اہم مواد برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ افغان شہریوں کو جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک بھجوانے کے حوالے سے 3 کروڑ 29 لاکھ روپے مالیت کا معاہدہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق یہ تمام دستاویزات سعودی عرب کے ورک ویزوں کے حصول کے لیے جعلی اور ٹیمپرڈ پاکستانی پاسپورٹس کے ذریعے استعمال کی جا رہی تھیں۔ ڈیٹا کے تجزیے سے مزید سہولت کاروں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد کے ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس میں مالیاتی لین دین اور بین الاقوامی روابط کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے، جبکہ ممکنہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے پہلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔