Monday, March 9, 2026
ہومتازہ ترینقومی مفاد کے پیش نظر زرعی ترقیاتی بینک کی پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں 25 فیصد کمی کی ہدایت

قومی مفاد کے پیش نظر زرعی ترقیاتی بینک کی پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں 25 فیصد کمی کی ہدایت

اسلام آباد(سب نیوز)رعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ(زیڈ ٹی بی ایل ) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں اپنے ملازمین کو پیٹرول ڈیزل کے استعمال میں 25 فیصد کمی کی ہدایت جاری کر دی گی ہیں ۔مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ملک بھر میں، بشمول ہیڈ آفس، پیٹرول و ڈیزل کے استعمال کو لیٹر کے حساب سے 25 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے تمام کنٹرولنگ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی کاروباری ضروریات کے مطابق پیٹرول و ڈیزل کے استعمال میں بچت کو یقینی بنائیں اور ملک کی موجودہ صورتحال میں معاونت کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔زرعی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ کا ماننا ہے کہ ہماری روزمرہ عادات میں چھوٹی مگر اجتماعی تبدیلیاں پیٹرول و ڈیزل کی نمایاں بچت کا باعث بن سکتی ہیں۔جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسط کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے توانائی کے پیشگی بحران سے بچنے کے لئے زرعی ترقیاتی بینک نے فوری عملی قدم اٹھایا ہے ۔ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک سمارٹ اقدامات متعارف کرا کے فوری طور پر اپنی مضبوطی اور عملی استحکام کو یقینی بنا رہا ہے۔
زرعی ترقیاتی بینک کے ملازمین خصوصا فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیٹرول و ڈیزل کی بچت والے راستے استعمال کریں اور انفرادی دوروں کے بجائے مشترکہ سفری نظام (ٹرپ پولنگ)کو فروغ دیں۔انتظامیہ نے ملک بھر میں اپنے عملے کو آگاہ کیا ہے کہ غیر ضروری دوروں سے گریز کریں اور اس کے متبادل کے طور پر ویڈیو کانفرنسنگ اور ٹیلی فونک گفتگو جیسے جدید طریقوں کو اپنائیں۔زرعی ترقیاتی بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر یعقوب بھٹی نے بینک کی ایگزیکٹو اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا:غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اپنی روزمرہ سرگرمیوں اور کارکردگی پر سمجھوتہ کیے بغیر خاطر خواہ پیٹرول و ڈیزل کی بچت کر سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔