کولمبو(سب نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان کیلئے سیمی فائنل کا سفر انتہائی مشکل کر دیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے سپر 8 مرحلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر 47 اور میکونچی 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پرصرف 107 رنز بناسکی۔ یوں کیویز نے 61 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
مسلسل دو شکست کے بعد سری لنکن ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور ساتھ ہی پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا۔ سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس3.05ہوگیا جبکہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46ہے۔
نیوزی لینڈ گروپ میں آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔نیوزی لینڈ ٹیم انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔
انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا۔اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکی ہے۔
ٹی 20ورلڈکپ،سری لنکا کی کیویز کیخلاف بڑے مارجن سے شکست، پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
