Thursday, February 26, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کے دورے سے قبل 27فروری کو میڈیا فورم ماسکو اسلام آباد منعقد ہو گا

وزیراعظم کے دورے سے قبل 27فروری کو میڈیا فورم ماسکو اسلام آباد منعقد ہو گا

اسلام آباد (سب نیوز)اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کے 3 تا 5 مارچ 2026 کو ماسکو کے سرکاری دورے سے قبل، نہایت اہمیت کا حامل میڈیا فورم ماسکو-اسلام آباد 27 فروری 2026 کو منعقد ہونے جا رہا ہے، جو روس اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے، میڈیا تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔یہ فورم 16 تا 17 دسمبر 2025 کو ماسکو میں منعقد ہونے والے پہلے روس-پاکستان یوریشین فورم کے وژن پر مبنی ہے، جس کا مشترکہ اہتمام یونیورسٹی آف ورلڈ سولائزیشنز(روس)، وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (پاکستان)اور کنسورشیم فار ایشیا پیسفک اینڈ یوریشین اسٹڈیز ، پاکستان نے کیا تھا۔ اس تاریخی فورم نے علاقائی استحکام، اقتصادی شراکت داری اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔عصرِ حاضر کے بین الاقوامی تعلقات میں عوام سے عوام سفارت کاری کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، اس فورم کا تصور ڈاکٹر روکسانا زیگون، جیوپولیٹیکل تجزیہ کار اور یونیورسٹی آف ورلڈ سولائزیشنز کے سائنسی مرکز برائے بین الاقوامی تحقیق ڈپلومیسی آف دی نیشنز، پارٹنرشپ آف سولائزیشنز کی ڈائریکٹر، نے پیش کیا۔

اس اقدام کو روس میں پاکستان کے سفارت خانے کی مکمل حمایت حاصل ہے، جبکہ دونوں ممالک کے پالیسی سازوں، تھنک ٹینکس، میڈیا اداروں اور کاروباری برادری کی بھی شمولیت متوقع ہے۔ساتھ ایشین اسٹریٹجک اسٹیبلٹی انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی پاکستان اور روس کے درمیان عوامی پالیسی روابط اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ فورم میں سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان شریک ہوں گے، اس یقین کے ساتھ کہ حقیقی سفارت کاری عوام کی قیادت میں آگے بڑھتی ہے۔ ڈاکٹر ماریہ سلطان، چیئرپرسن ساسی یونیورسٹی، اور ڈاکٹر روکسانا زیگون نے دونوں ممالک کے درمیان موثر رابطے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جبکہ اس کوشش کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور روسیا سیوودنیا میڈیا گروپ (روس)کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اس اقدام کی تائید سفارت خانہ پاکستان، ماسکو اور وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھی کی ہے۔ایک عرصے تک محدود براہِ راست روابط کے بعد، ماسکو اور اسلام آباد دونوں نے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے پیشِ نظر اسٹریٹجک ہم آہنگی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ فورم سفارتی، تعلیمی اور میڈیا نقطہ نظر کے درمیان مکالمے کو فروغ دے کر باہمی مفاہمت اور طویل المدتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔میڈیا فورم ماسکو-اسلام آباد 27 فروری 2026 کو روسیا سیوودنیا میڈیا گروپ، ماسکو میں منعقد ہوگا، جس میں روس اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے سفارت کار، بین الاقوامی امور کے ماہرین، دانشور اور سینئر صحافی شریک ہوں گے۔ اسلام آباد کی نمائندگی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کرے گا، جو میڈیا پیشہ ور افراد، پالیسی سازوں اور اسٹریٹجک ماہرین کے درمیان مثر تبادلہ خیال کو یقینی بنائے گا۔

اس تقریب کا انعقاد روسیا سیوودنیا میڈیا گروپ کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جسے سفارت خانہ پاکستان برائے روس، وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان، یونیورسٹی آف ورلڈ سولائزیشنز اور ساتھ ایشین اسٹریٹجک اسٹیبلٹی انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی، پاکستان کی معاونت حاصل ہے۔فورم کے پہلے سیشن کا عنوان ہوگا: بدلتی ہوئی دنیا میں عالمی چیلنجز اور تناظر: ماسکو اور اسلام آباد کا جائزہ، جس کا افتتاح روسی وزارتِ خارجہ کے شعبہ اطلاعات و پریس کی ڈائریکٹر ماریا زاخارووا کریں گی۔ مقررین میں روس میں پاکستان کے سفیر جناب فیصل نیاز ترمذی، سینیٹر مشاہد حسین سید چیئرمین، سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع و سلامتی، پاکستان اور پاکستان میں روس کے سفیر جناب البرٹ خوریف شامل ہوں گے۔دوسرے سیشن کا عنوان ہوگا: روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے امکانات، جس میں روسی ماہرین ڈاکٹر ویچسلاف بیلوکرینیتسکی (انسٹی ٹیوٹ آف اورینٹل اسٹڈیز، روسی اکیڈمی آف سائنسز)، دمتری الیگزینڈر سائیمز(ہیڈ، اسپوٹنک انٹرنیشنل)اور سرگئی اسٹروکان (جیوپولیٹیکل تجزیہ کار، کومرسانت)شریک ہوں گے، جبکہ پاکستانی ماہرین میں ڈاکٹر سروت روف (سربراہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز)، افتخار شیرازی (بیورو چیف، ڈان)، اور شوکت پراچہ (سینئر صحافی و تجزیہ کار، اے اے جے نیوز) شامل ہوں گے۔تیسرے سیشن بین الاقوامی صحافت میں نئے رجحانات میں عالمی میڈیا میں رونما ہونے والی تکنیکی، سماجی و سیاسی اور اسٹریٹجک تبدیلیوں پر گفتگو کی جائے گی۔ نمایاں مقررین میں ڈاکٹر روکسانا زیگون ، ڈاکٹر ماریہ سلطان (مشیر، وزارتِ دفاع پاکستان و چیئرپرسن ساسی یونیورسٹی(، دمتری لیونتیف (ایگزیکٹو کانٹینٹ پروڈیوسر، روسیا سیوودنیا)، آرتیوم چیباروف (ہیڈ آف آن لائن پروجیکٹس، روسیا سیوودنیا)، انس ملک (بیورو چیف، ایشیا ون)اور عامر الیاس رانا (بیورو چیف، ایکسپریس نیوز)شامل ہوں گے۔یہ فورم ایک اہم جغرافیائی و سیاسی مرحلے پر روس اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے اور تعاون کے نئے راستے متعین کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ یہ عوامی سفارت کاری، میڈیا شراکت داری اور ماہرین کے باہمی رابطے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیاسی قیادت اور پالیسی سازوں کو طویل المدتی ہم آہنگی اور ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز کے مقابلے میں مضبوطی فراہم کرنے کا موقع دے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔