اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے، وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں وزیرِاعلی سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جا سکے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ پیپلز پارٹی وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے، اور مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے مخلوط حکومت کے ایک اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی اور عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ملاقات میں سندھ کے سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی اہم اتحادی جماعت، سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے، وزیراعظم کی وزیراعلی سندھ کو یقین دہانی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
