اسلام آباد: (آئی پی ایس) سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق اہم درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم جاری کیا جائے تاکہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کے معائنے کے لیے ماہر امراض چشم سے فوری چیک اپ کروانا ضروری ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں مکمل طبی سہولت فراہم کی جائے اور کسی بھی تاخیر سے بچا جائے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور عاصم یوسف کو فوری رسائی دی جائے تاکہ ان کی نگرانی میں طبی معائنہ اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریض کو اپنے ذاتی معالج کی زیر نگرانی معائنہ اور علاج کا بنیادی حق حاصل ہے۔
یہ درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکلا لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ اور حمزہ ستار کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی فوری سماعت مقرر کر کے مناسب احکامات جاری کیے جائیں۔
