اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے بورڈ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی جبکہ وائس چانسلر، پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی کی سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں بذریعہ زوم لنک شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے دوسرے اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز زیر بحث لائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق، سی ڈی اے بورڈ کے دوسرے اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اربن ریجنریشن/رینیول (ریگولیشنز، اپ گریڈیشن اینڈ ری لوکیشن)ریگولیشنز 2025 کی منظوری دی گئی۔ سی ڈی اے بورڈ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی اور سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے تحت ریگولیشنز کی منظوری دی۔ ان ریگولیشنز کا مقصد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)میں موجود تسلیم شدہ کچی آبادیوں کو قانون کے مطابق ریگولیٹ اور اپگریڈشن کرنا ہے۔واضح رہے ان کچی آبادیوں کو وفاقی حکومت نے 1995 سے 2004 کے دوران ریگولر قرار دیا تھا۔ ان کچی آبادیوں میں صرف وہی افراد مستحق مکین تصور ہونگے جو 31 دسمبر 2002 تک کئے گئے سروے میں مقیم پائے گئے تھے۔ سپیشل ڈائریکٹوریٹ آف پلاننگ ونگ ان تسلیم شدہ کچی آبادی کا دوبارہ سے سروے کریگا۔ ان سروے کی روشنی میں ان آبادیوں کی اپ گریڈیشن اور آبادکاری کی سکیمز تیار ہونگی اور ان آبادیوں کی اپ گریڈیشن میں لے آٹ پلان کی تیاری شامل ہوگی۔
اسی طرح ان سکیموں میں کچی آبادیوں کیلئے انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہوگا۔ان کچی آبادیوں کی خوبصورتی، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت بھی شامل ہوگی۔ اسی طرح ان اقدامات کا مقصد ان تسلیم شدہ کچی آبادیوں کو اسلام آباد کی شہری منصوبہ بندی کا حصہ بنانا ھے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منظم اربن پلاننگ کو فروغ حاصل ہوگا۔سی ڈی اے بورڈ کے دوسرے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پنڈوریاں کے مقام پر ماڈل قبرستان کی تعمیر کیلئے ڈیزائن کی تجویز پیش کی گئی۔ بڑھتی ہوئی شہری آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماڈل قبرستان پنڈوریاں کے مقام پر تعمیر کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ماڈل قبرستانوں میں کشادہ جنازہ گاہ، وضو خانے، پبلک ٹوائلٹ، اور مناسب پارکنگ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میت بس اور ایمبولینس کی سہولتیں سمیت سی سی ٹی وی سرویلینس بھی شامل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل قبرستان کی تعمیر میں اعلی معیار کیساتھ تمام جدید سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
