اسلام آباد: (آئی پی ایس) وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے دوسرے طبی پروسیجر سے متعلق وضاحت جاری کر دی۔
طارق فضل چوہوری نے کہا کہ حکومت نے تمام قانونی اور انسانی تقاضے پورے کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی انتظامات میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا، پہلے پروسیجر کے بعد بینائی میں بہتری آئی تھی جس کے بعد ماہر معالجین نے دوسرے پروسیجر کی سفارش کی۔
وفاقی وزیر کے مطابق آج دوسرا طبی عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا اور میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو تیسرا انجیکشن 24 مارچ کو لگایا جائے گا، ہر قیدی کو قانون کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں بھی تمام انتظامات شفاف اور ضابطے کے مطابق کیے گئے ہیں۔
