Tuesday, February 24, 2026
ہومبریکنگ نیوزجائیداد کی ملکیت سے متعلق کیس میں خیبرپختونخوا حکومت کی اپیلیں ناقابلِ سماعت قرار

جائیداد کی ملکیت سے متعلق کیس میں خیبرپختونخوا حکومت کی اپیلیں ناقابلِ سماعت قرار

اسلام آباد: (آئی پی ایس) سپریم کورٹ نے جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق کیس میں خیبر پختونخوا حکومت اور صوبائی محتسب کی اپیلیں ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیں۔
جسٹس مسرت ہلالی کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جب نجی فریقین خود خاموش ہیں تو حکومت اور محتسب اپیل دائر کرنے کے مجاز نہیں۔

عدالتِ عظمیٰ نے قرار دیا کہ محتسب ایک جج کی حیثیت رکھتا ہے، فریق نہیں، اس لیے وہ اعلیٰ عدالتوں میں اپنے فیصلوں کا دفاع نہیں کر سکتا، محتسب ایک نیم عدالتی ادارہ ہے اور وہ کسی فیصلے سے متاثر ہونے والا فریق نہیں بن سکتا، اس کی حیثیت ایک منصف کی ہے جسے غیر جانبدار رہنا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نہ تو اس جائیداد کی وارث تھی اور نہ ہی فیصلے سے اسے کوئی ذاتی نقصان پہنچا، اس لئے اسے اپیل دائر کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں تھا۔

عدالت نے واضح کیا کہ اگر جائیداد کے اصل دعویدار اپیل کرنا چاہیں تو ان کا قانونی حق متاثر نہیں ہوگا۔

یہ مقدمہ شبیر خان اور دیگر نجی فریقین کے درمیان جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق تھا، صوبہ خیبر پختونخوا کی خاتون محتسب نے ویمن پراپرٹی ایکٹ 2019 کے تحت کیس کا فیصلہ سنایا تھا، تاہم پشاور ہائیکورٹ نے محتسب کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔