Thursday, February 19, 2026
ہومپاکستانایف آئی اے میں گریڈ 16سے اوپر بھرتیوں اور پروموشنز کیلئے نئے ڈرافٹ رولز تیار

ایف آئی اے میں گریڈ 16سے اوپر بھرتیوں اور پروموشنز کیلئے نئے ڈرافٹ رولز تیار

اسلام آباد(سب نیوز)ایف آئی اے میں گریڈ 16 اور اس سے اوپر بھرتیوں اور پروموشنز کے لیے نئے ڈرافٹ رولز تیار کر لیے گئے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد تمام رولز کو باضابطہ طور پر ایف آئی اے میں لاگو کیا جائے گا، ترمیمی رولز کے مطابق ایف آئی اے میں گریڈ 17 کی بھرتیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارش پر ہوں گی، انتظامی طور پر چار بڑے گروپس تشکیل دیے گئے۔
نئے رولز کے تحت گروپ تبدیلی محدود جب کہ انویسٹی گیشن ، لیگل ، ایکسپرٹس اور منسٹریل گروپ میں بھرتیاں ہوں گی، ایف آئی اے ملازمین کو ابتدائی تعیناتی والے گروپ میں ہی سروس مکمل کرنا ہوگی۔ایف آئی اے میں پی ایس پی اور ایف آئی اے کے اپنے افسران کی نئی شرح مقرر ہے، گریڈ 20 اور 21 میں 70 فیصد پی ایس پیز اور 30 فیصد محکمانہ افسران ہوں گے ،گریڈ 19 میں پی ایس پیز اور محکمانہ افسران کی شرح 50/50 ہو گی۔
رولز کے متن میں لکھا گیا کہ گریڈ 17 اور 18 پر 60 فیصد محکمانہ افسران تعینات ہوں گے، ایف آئی اے میں گریڈ سترہ اور اس سے زائد پر کانٹریکٹ پر بھرتی کرنے کی شق ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔اِسی طرح ایف آئی اے میں ڈپیوٹیشن پر آنے والے افسران کو مستقل شامل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، محکمانہ ترقی کے لیے کم از کم سروس مدت اور لازمی کورسز کی شرط قرار اور ترقی سینارٹی کم فٹنس بنیاد پر ہوگی۔ایف آئی اے کے نئے رولز میں سالانہ پروموشن بورڈ اجلاس لازمی قرار دے دیا گیا، اجلاس دوبارہ نہ ہونے سے ترقی نہ ملنے پر افسر کو لازمی ریٹائرمنٹ کا سامنا ہوتا ہے جب کہ تکنیکی اور فارنزک شعبے ایکسپرٹس گروپ میں ضم کیے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔