پشاور (سب نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیر اعلی سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، جس میں کابینہ نے 9اور 10مئی کو سیاسی انتقام کے تحت درج بغیر ثبوت کے مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ساتھ ہی ریڈیوپاکستان پشاور واقعہ کی انکوائری صوبائی اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے سی ٹی ڈی کے لیے 15کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی اور ایکشن ان ایڈ آف سول پاورز قانون کے خاتمے سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی منظوری بھی دے دی گئی۔مزید بتایا گیا کہ صوبے میں گندم کے ذخائر، بین الصوبائی نقل وحمل اور آئندہ حکمت عملی پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی، اضافی گندم کی خریداری کے لیے پہلے سے قائم کمیٹی کو ضرورت پڑنے پر اقدامات کا اختیار دیا گیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق کابینہ نے کڈنی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 2 مریضوں کے لیے مالی امداد کی منظوری دی جب کہ صوبے میں جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی۔
خیبرپختونخوا کابینہ نے 9اور 10مئی کے مقدمات ختم کرنے کی منظوری دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
