Friday, May 1, 2026
ہومپاکستانوزیر خزانہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ واشنگٹن ،پاک امریکا ٹیرف اور تجارتی معاہدوں پر مذاکرات میں بریک تھرو متوقع

وزیر خزانہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ واشنگٹن ،پاک امریکا ٹیرف اور تجارتی معاہدوں پر مذاکرات میں بریک تھرو متوقع

واشنگٹن ڈی سی(سب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن، ڈی سی میں امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارت کے نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات کی۔
دونوں فریقین نے تجارت اور معاشی تعلقات ، جو پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔فریقین نے دونوں ممالک کی قیادت کے عزم کی توثیق کی کہ وہ دوطرفہ تعلقات خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ راستوں کو تلاش کریں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دہرایا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان ان تعلقات کے دائرہ کار کو جن میں روایتی اور غیر روایتی شعبہ جات ، ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت وغیرہ جیسے اہم شعبہ جات شامل ہیں، کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلق قائم ہو۔دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات ایک مثبت نتیجے پر منتج ہوں گے جس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ میسر آئے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔