Monday, September 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزبلاول بھٹو ملک کے اگلے نوجوان وزیر اعظم ہوں گے،گورنر پنجاب

بلاول بھٹو ملک کے اگلے نوجوان وزیر اعظم ہوں گے،گورنر پنجاب

رحیم یار خان (آئی پی ایس)
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے رحیم یار خان کا دورہ کیا جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ گورنر پنجاب کے استقبال کے موقع پر جیالوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پارٹی ترانوں کی گونج سے فضا گونج اٹھی۔

گورنر پنجاب نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پارٹی کارکنوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے نوجوان وزیر اعظم ہوں گے، جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک و قوم کی خاطر 14 سال جیل کاٹی اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔

گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے آپ کو کبھی تنہا نہ سمجھیں، اگر کسی کو کوئی پریشانی ہوئی تو میں ایک فون کال کی دُوری پر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور بھارت کو شکست دے کر پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مل کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، جبکہ صدر آصف علی زرداری کو مفاہمت کا بادشاہ قرار دیا۔

بلوچستان سے متعلق بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لیے عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان مسئلہ حل کرے۔ انہوں نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے۔

کچے کے علاقے سے متعلق گورنر نے کہا کہ ان علاقوں میں سڑکوں سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن سے متفق ہے، اور کچے کے ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔