اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 1اعشاریہ2 ارب روپے کے جعلی انوائس سکینڈل میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی درخواستیں مسترد کردیں، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کی 1اعشاریہ2 ارب روپے کی 42 درخواستوں کو نمٹا دیا۔ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے سو موٹو کیسز میں فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل کر رکھی تھی۔سکینڈل میں ایف بی آر حکام نے جھوٹے دعویداروں کو جزوی یا مکمل طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈ ادا کئے تھے اور ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس نے اس جعلسازی کا پردہ چاک کیا تھا۔ واضح رہے کہ فیلڈ فارمیشن کو ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے باوجود ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔وفاقی ٹیکس محتسب نے واقعے پر سو موٹو نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے اور تادیبی کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ ایف بی آر نے صدر مملکت کے احکامات اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر 130 جعلی ریفنڈ کیسز سے نمٹنے کیلئے 6 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دیں۔انکوائری کمیٹیوں نے ذمے داران کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ چارج شیٹ کا مسودہ 30 دنوں میں پیش کرنا تھا۔صدر مملکت نے ایف بی آر کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ماہانہ عمل درآمد رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملزمان کو شنوائی کا حق دینے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
جعلی انوائس اسکینڈل،صدر مملکت نے ایف بی آر کی درخواستیں مسترد کردیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
