کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں 5.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق صبح 3 بجکر 24 منٹ پر آنے والے 5.5 شدت کے زلزلے کی گہرائی 28 کلومیٹر اور مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جھٹکے محسوس کیے جانے کے فوراً بعد ضلع کے کنٹرول روم سے رابطہ کیا گیا اور کچھ علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق زلزلے سے دو مکانات مکمل طور پر تباہ اور 100 سے زائد کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، مکانات گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے، علاقے میں امدادی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 2 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول کی چاردیواری بھی منہدم ہو گئی ہے، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کے شدید جھٹکے تقریباً 30 سیکنڈ تک جاری رہے۔
اردو نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل بلال شبیر نے بتایا کہ زلزلے سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سیکڑوں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جس کا تخمیہ لگانے کے لیے سروے شروع کر دیا گیا ہے‘، قریبی ضلع بارکھان کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔