دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پر عزم ہیں،یوم آزاد ی پرپیغام
اسلام آباد،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ ہمارا یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی ،اقتصادی اورسماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا،پوری قوم جانتی ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے اقوام عالم کو کورونا وائرس جیسی خطرناک عالمی وبانے گھیر رکھا ہے جس کی وجہ سے تمام ممالک کی معیشت، اقتصادیات ، تعلیم،صحت سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وباء سے بچائو کے لئے احتیاط سمیت حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں موجودہ حکومت نے اس موزی وباء سے نمٹنے کے لئے جو حکمت عملی اختیار کی جو قابل تحسین ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پر عزم ہیں ۔مسلح افواج ، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں ۔ اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہوگیاہے جو ترقی وخوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور جس کے ثمرات پوری قوم کو میسر ہونگے ۔ہمار ا مذہب اسلام محبت رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا ۔ اس دن ہم اپنے ہیروز اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا دل اور جان لگائی ہے کہ ہماری آزادی کسی اندرونی یا بیرونی عوامل سے متاثر نہ ہو۔آئیں عہد کریں کہ بابائے قوم کے نظریات اور علامہ اقبال کی فکر کے تحت ہم ایمان و یقین ، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو ۔
یقین ہے کہ یوم آزادی سیاسی ،اقتصادی استحکام کی نوید لے کر آئے گا،چیئرمین سینیٹ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
