اسلام آباد،چین کے اشتراک سے نوجوان پاکستانی میڈیا پروفیشنلز کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کی چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ چینی سفیر سے ملاقات، تربیتی سیمینار کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کی چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ چین کے سفیر نانگ رانگ کی رہائشگاہ پر اہم ملاقات ہوئی جس میں نوجوان پاکستانی میڈیا پروفینشلز کیلئے تیار کردہ خصوصی تربیتی سیمینار کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔پاکستان اور چین کے مابین کثیرالجہتی اشتراک اور عوامی رابطوں میں اضافے کے حوالے سے امور پر بھی گفتگو ۔چینی سفیر نے کہا کہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، چینی حکومت کیساتھ اشتراک کو وسعت دینے اور ماحولیاتی تغیرات کے اثرات کم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔اس موقع پرڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات اشتراک کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، پاکستان علوم و ٹیکنالوجی میں چینی تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نوجوان میڈیا پروفیشلنز کی تربیت کے اہتمام پر چینی سفارتخانے اور چین کے نیشنل ریڈیو ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن کے ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے شکرگزار ہیں، 21 مئی 1951 کو پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی ابتدا سے لیکر آج تک چین نے دوستی کے رشتے کو مضبوطی و کثیرالجہتی تعاون سے آراستہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین 7 دہائیوں پر محیط تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ چیئرمین سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مذکورہ تربیتی پروگرام کیلئے مکمل حمایت و پشت پناہی پر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان میڈیا پروفیشنلز کے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب 12 اگست (کل)کو منعقد ہوگی۔ چینی نیشنل ریڈیو ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن کے نائب وزیر مینگ ڈونگ اور چینی سفیر نانگ رانگ افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے ۔چینی کی وزارتِ تجارت کے تربیتی مرکز کے نائب صدر شین ران یون بھی مقررین کی فہرست میں شامل ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینٹر فیصل جاوید بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ تربیتی پروگرام کی میزبانی کے فرائض چین کے نیشنل ریڈیو ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن کے شعبہ بین الاقوامی اشتراک کے ڈائریکٹر جنرل یان چینگ شینگ ادا کریں گے۔

