ہومپاکستانقومی اسمبلی،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی بل مشترکہ اجلاس میں پیش کرنیکی تحریک منظور

قومی اسمبلی،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی بل مشترکہ اجلاس میں پیش کرنیکی تحریک منظور

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہاہے کہ اسلام آبا د میں موثر فوڈ اتھارٹی کے قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ وفاقی دارلحکومت کے شہریوں کو ملنے والی کھانے کی اشیا کے میعار کو برقرار رکھا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی اسمبلی میں فوڈ اتھارٹی بل پر تحریک پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فوڈ اور متعلقہ اشیا کے چیک اینڈ بیلینس کے لیے قانون 1960 میں بنا تھا جو آج کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں اور ملاوٹ میں ملوث افراد کے خلاف موثر کاروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کے لیے میرا بل قومی اسمبلی نے اکتوبر 2019 میں متفقہ طور پر منظور کیا تھا جس کے لیے میں حکومتی اور حزب اختلاف کے ارکان کا مشکور ہوں یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے بھی منظور ہوگیا تھا تاہم اس کے بعد بل سینیٹ میں پیش نہیں کیا جا سکا اور اپنی آئینی مدت کے بعد ختم ہوگیا ۔انہوں نے تحریک پیش کی کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی بل 2020 پارلیمنٹ کے متفقہ اجلاس میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایوان نے انکی تحریک کی کثرتِ رائے سے منظوری دے دی یہ بل اب ایوان کے آئندہ متفقہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ توقع ہے کہ پارلیمان متفقہ طور پر اس بل کی منظوری دے دے گی جس کے بعد اسلام آباد میں بھی ملک کے دیگر صوبوں کی طرح فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں آجائے گا تاکہ فوڈ سے متعلقہ تمام امور ایک باقاعدہ اتھارٹی کے زیرِ نگرانی آسکیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔