Sunday, May 17, 2026
ہومتازہ ترینخطے میں آبی جارحیت کا بھارت کاایک اور منصوبہ بے نقاب

خطے میں آبی جارحیت کا بھارت کاایک اور منصوبہ بے نقاب

اسلام آباد ،پاکستان بھارت کے ساتھ آبی تنازعات کے خوش اسلوبی سے حل کیلئے کوشش کر رہا ہے تاہم اب بھارت میں ایک پارلیمانی پینل نے مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت کو سندھ طاس معاہدے پر دوبارہ مذاکرات اور مغربی دریائوں سے پاکستان کے پانی کے حصے پر اپنا دعویٰ کرنے کی تجویز دی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں دیرینہ حریف ممالک کے درمیان عالمی بنک نے 1960 میں چھ دریائوں کے پانی کی تقسیم کیلئے سندھ طاس کا معاہدہ طے کرایاتھا۔ معاہدے کے تحت مشرقی دریائوں ستلج ، بیاس اور راوی کا پانی بھارت کیلئے جبکہ تین مغربی دریائوں سندھ ، جہلم اور چناب کا پانی پاکستان کیلئے مختص کیاگیا تھا۔ بھارت کے ایک پارلیمانی پینل نے 5اگست2021کو(گزشتہ روز) حکومت کوپاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کی سفارش کی تھی کیونکہ ان کے بقول معاہدے میں موسمیاتی تبدیلی ،عالمی حدت اور ماحولیاتی اثرات کے جائزے جیسے اہم امور معاہدے میں شامل نہیں ہیں۔ سندھ طاس معاہدے پر دوبارہ بات چیت کرنے کی سفارش خطے میں آبی جارحیت جاری رکھنے کی بھارت کی ایک اور سازش ہے ۔ پارلیمانی پینل نے پاکستان ، چین اور بھوٹان کے ساتھ بین الاقوامی آبی معاہدوں سمیت متعدد اقدامات کے ذریعے ملک میں سیلابوں کے انتظام پر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کی ہے ۔ رواں سال 23اور24مارچ کو نئی دلی میں ہونے والے پاک بھارت مستقل انڈس کمیشن کے 116ویں اجلاس میں پاکستان نے پکال دل ،لوئر کلنائی ، دربک شیوک اور نیمو چلنگ سمیت بھارت کے آبی منصوبوں پر اپنے اعتراضات دوبارہ اٹھائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے بھارت پر زوردیاگیا تھا کہ وہ 1989سے رائج معمول کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی شقوں کے مطابق پانی کے بہائو کے اعدادوں شمار اس کے ساتھ شیئر کرے ۔ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے تحت تصفیہ طلب تنازعات کے جلد حل کی اہمیت پر بھی زوردیاتھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آبی وسائل کے بارے میں بھارت کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی پاکستان کا پانی چرانے کی ایک اور سازش ہے ۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اور بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزی انتہائی افسوسناک ہے اور اس سے پاکستان کے ساتھ نہ ختم ہونے والی دشمنی ظاہرہوتی ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی نے کھلے عام سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کیلئے مختص دریائوں کے پانی کوروکنے کی دھمکی دی تھی ۔ اس معاہدے کے تحت مغربی دریائو ں کے پانی پر پاکستان کے حق کا عالمی بینک ضامن ہے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔