اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان کو رہن سہن کے اعتبار سے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دے دیا گیا ہے۔ معروف تجارتی و اقتصادی شعبہ سے متعلقہ تحقیقی و تجزیاتی ادارے گو بینکنگ ریٹس کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے جاری درجہ بندی کے مطابق پاکستان کو رہن سہن کے اخراجات کے انڈیکس میں 18اعشاریہ58 پوائنٹس کے ساتھ رہنے کے لئے دنیا کا سستاترین ملک قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد درجہ بندی میں افغانستان24اعشاریہ51 ،بھارت 25اعشاریہ14 اورشام 25اعشاریہ31 انڈیکس کے ساتھ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ دنیا میں رہن سہن کے اعتبار سے درجہ بندی کے تعین کے لئے مختلف اداروں کی طرف سے استعمال کئے جاتے ہیں جن میں گو بینکنگ ریٹس کمپنی بھی شامل ہے۔ اس کمپنی نے رہن سہن کی قوت برداشت کا تخمینہ لگانے کے لئے 4 پیمائشی معیارات استعمال کئے۔ کمپنی کی طرف سے درجہ بندی کے لئے بروئے کار لائے گئے معیارات میں رہائش اور نقل وحمل کے کرائے، مقامی قوت خرید، صارف قیمت، روز مرہ زندگی کے استعمال کی اشیا شامل ہیں۔ ان معیارات سے حاصل ہونے والے نتائج اور معلومات کادنیا کے مہنگے ترین شہروں میں شمار ہونے والے نیو یارک سٹی میں رہن سہن کے اخراجات کے ساتھ موازنہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب رہن سہن کے اعتبار سے مہنگے ترین ممالک میں کیمن جزائر کا انڈیکس 141اعشاریہ64 ، برمودا 138اعشاریہ22 ، سوئٹزرلینڈ 122اعشاریہ67 ، اور ناروے 104اعشاریہ49 رہا ہے۔ ان چاروں ممالک کے مقابلے میں نیو یارک شہر کی رہن سہن کی لاگت زیادہ ہے۔ کسی بھی جگہ رہنے اور زندگی کی پر آسائش گزر بسر کے اخراجات کے لئے رقم، گھر، راشن، ٹیکسز اور بنیادی صحت جیسی بنیادی سہولیات درکار ہوتی ہیں۔ بعض ممالک میں اس کی لاگت بہت زیادہ ہے ، خاص طور پر بڑے شہروں کے گردونواح کے علاقوں جیسا کہ امریکہ میں ، نیو یارک اور سان فرانسسکو جیسے شہروں میں رہائشی اخراجات بہت زیادہ ہیں اور اس کے بر عکس بعض ممالک میں یہ لاگت بہت کم ہے اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ ان ممالک میں سکونت کے لئے رخت سفر باندھ رہے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں روز مرہ استعمال کی اشیاکی قیمتوں نے دنیا کی سب سے زیادہ مضبوط معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
پاکستان رہن سہن کے اعتبار سے دنیا کا سستا ترین ملک قرار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

