اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چودھری کاکہنا ہے کہ گولیوں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کارکنوں کی اموات کا جھوٹا پراپیگنڈہ کررہی ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے کچھ دیر قبل پورے اسلام آباد کو دکھایا، اسلام آباد میں سب کلیئر کردیا گیا ہے، ایک جتھہ آیا ہوا تھا جس کا ایک ہی ایجنڈا تھا، پاکستان میں فارن وفود آئے ہوئے ہیں ان کو ڈی ریل کرنا مقصد تھا۔
دانیال چودھری نے کہا کہ رات سے سوشل میڈیا پر ایک جھوٹا پروپیگنڈا بنایا جارہا ہے، پمز ہسپتال جاکر ایک ویڈیو بنائی گئی اور بتایا گیا کہ یہاں لاشیں موجود ہیں، یہ پلان کرکے آئے ہوئے تھے کہ ان کو لاشیں ملیں، حکومت نے تمام چیزوں کو بہت اچھے طریقے سے ہینڈل کیا، پی ٹی آئی کے لوگوں کے پاس اسلحہ موجود تھا، پی ٹی آئی ورکرز علی امین گنڈاپور،بشریٰ بی بی کے کہنے پر فائرنگ کرتے رہے، پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، سکیورٹی کے 6اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں۔
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پولیس کی جانب سےرات کو جتنے بھی آپریشن کیے گئے وہ بغیر اسلحہ کے تھے، یہ چاہتے تھے کہ عوام کی لاشوں پر سیاست کریں،نے ان کی لاشوں کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دی۔
بیرسٹر دانیال چودھری کاکہنا تھا کہ 37افغان شہری پکڑے گئے جن کو انتشار پھیلانےکیلئے لایا گیا، افغان شہریوں سے آنسو گیس کے شیل ملے جو خیبرپختونخوا حکومت کی ملکیت تھی، افغانیوں کے پاس ایسا اسلحہ ملا جو خیبرپختونخوا حکومت کا تھا، لگ بھگ 100کے قریب کیمروں اور پولیس کی 13بڑی گاڑیوں کو جلایا گیا۔
لیگی رہنما کاکہنا تھا کہ ہم نے بارہا کہا کہ اس کو 9مئی نہ بنائیں، 26اور 27نومبر کا دن عوام کو یاد رہے گا، چیزیں آج بہتری کی طرف جارہی ہیں، یہ پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا آئیں بیٹھ کر احتجاج پر بات کریں، پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لوگوں کی جانیں لینا کا حق کسی سیاسی جماعت کو نہیں، لوگوں کے پیٹ پر گولیاں ماری گئی ہیں، لانگ مارچ کے چکر میں پتہ نہیں کتنےاسمگلرز آئے، رات کو گرینڈ آپریشن کیا گیا اس میں بڑی چیزیں سامنے آئیں، رات جو افغان شہری پکڑے گئے اس پر وزیر داخلہ جلد پالیسی دیں گے۔
بیرسٹر دانیال نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی پتہ ہے اپنی پریس کانفرنس میں یہ جھوٹے الزامات لگائیں گے، علی امین گنڈاپور ،بشریٰ بی بی یہاں لوگوں کی لاشیں بیچنے آئے تھے، گرفتار مظاہرین بیان دے رہے ہیں کہ ہمیں پیسے دیکر انتشار پھیلانے کیلئےلایا گیا، آئندہ دنوں میں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی اموات کا جھوٹا پراپیگنڈہ کررہی ہے : دانیال چودھری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔