اسلام آباد (ارمان یوسف )تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے ،رات کے پہلے پہر پی ٹی آئی قیادت پھر کارکنوں کو اکیلا چھوڑ کر غائب ہو گئی ہے ، پولیس اور کارکنوں میں آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جناح ایونیو پر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کارکنوں کو اکیلا چھوڑ کر غائب ہو گئی ہے جس پر کارکن سیخ پا ہیں۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی ہدایت کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کنٹینر چائنہ چوک سے آگے نہیں جا سکا ۔ جبکہ علی امین گنڈا پور اور عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے دیگر مرکزی قائدین کنٹینر چھوڑ کر چپکے سے نکل گئے ہیں اور انکا خالی کنٹینر کارکنوں کا منہ چڑا رہا ہے ۔
پولیس اور فورسز کی طرف سے چائنہ چوک کے نزدیک شیلنگ کی گئی تو قیادت نہ ہونے کی وجہ سے کارکن الٹے قدموں دوڑنے پر مجبور ہو گئے ، کئی کارکنوں کو دھکم پیل میں معمولی چوٹیں بھی آئیں ۔ اس کے علاوہ کارکنوں کی جانب سے چائنہ چوک کے قریب آنسو گیس کا اثر کم کرنے کیلئے درختوں کو بھی آگ لگائی گئی ہے ۔ بلیو ایریا میں بجلی کا مکمل بلیک آئوٹ ہے اور مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں جناح ایونیو اور ملحقہ سڑکوں پر موجود ہیں ۔ قیادت کے غائب ہونے اور شیلنگ شروع ہونے پر مظاہرین علی امین گنڈا پور کیخلاف گالم گلوچ بھی کر رہے ہیں ۔
پولیس اور احتجاجی مظاہرین میں آنکھ مچولی ،پی ٹی آئی قیادت پھر کارکنوں کو اکیلا چھوڑ کر غائب ہو گئی ، آنکھوں دیکھا حال سب نیوز پر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
