Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانبشری بی بی کا 24نومبر کی عمران خان کی کال کے حوالے سے قوم کے نام اہم پیغام، ویڈیو سب نیوز پر

بشری بی بی کا 24نومبر کی عمران خان کی کال کے حوالے سے قوم کے نام اہم پیغام، ویڈیو سب نیوز پر

پشاور (آئی پی ایس )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے کہ 24نومبر کو پاکستان کا ہر طبقہ فکر احتجاج کا حصہ بنے، یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں بلکہ ملک کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے یوٹیوب چینل سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر طبقے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، اگر تمام لوگ اس احتجاج کا حصہ بنے گیں تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔بشری بی بی نے کہا کہ عمران خان نے ججوں اور وکیلوں سے درخواست کی ہے وہ احتجاج کا حصہ بنیں اور 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں، کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس حوالے سے لائحہ عمل اور پیغامات بھیجیں ہیں لیکن وہ وقت کے ساتھ بتائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی تاریخ کے حوالے سے قیاس کیا جارہا ہے کہ اسے تبدیل کردیا جائے گا،کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے اور 24 نومبر کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی، یہ صرف عمران خان کی رہائی کی صورت میں تبدیل ہوگی۔سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس احتجاج کے لیے نکلے، پولیس اور اداروں سے اپیل ہے کہ پرامن مظاہرین پر ظلم نہ کریں، ہمارے اوپر ظلم کیا جاتا ہے اور پرچے کاٹے جاتے ہیں، ہمیں پرامن احتجاج کرنے دیا جائے۔
عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ کبھی قانون ہاتھ میں لیا ہے اور نہ لیں گے، اداروں کو بھی یہ بتانا چاہتی ہوں کہ بانی پی ٹی آئی طاقت میں آکر کسی سے بدلہ لینے کی خواہش نہیں رکھتے، جیل میں انہوں نے سیکھا ہے کہ طاقت میں آکر معافی کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں، جو بھی ان کے حوالے سے یہ کہہ رہا کہ وہ بدلہ لیں گے تو یہ سب جھوٹ ہے۔بشری بی بی نے کہا کہ ہم نے ورکرز کو جہاد کے نعرے لگانے کو نہیں کہا،جہاد کا نعرہ کارکنان کے دلوں سے خود نکلتا ہے، ہر چیز کر کرانے والی ذات صرف اللہ کی ہے، ہماری دعا ہے کہ ہمارے ہاتھ سے اللہ اچھے کام کرائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب ننگے پاں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر)باجوہ کو فون کالز آنا شروع ہوئی اور کہا گیا کہ کیا اٹھا کر لائے ہو، ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکہ دار لے آئے ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ کہنا شروع کردیا، یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کی، اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف سے اور ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو یہ باتیں کسی نے بتائیں تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔