Thursday, November 21, 2024
ہومپاکستانوی پی این کا استعمال غیر شرعی نہیں، بے دھڑک ہوکر استعمال کریں، رانا ثنا اللہ

وی پی این کا استعمال غیر شرعی نہیں، بے دھڑک ہوکر استعمال کریں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے وی پی این کے استعمال کو غیر شرعی قرار دینے کے فیصلے کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے چند روز قبل وی پی این کے استعمال کو غیر شرعی قرار دیے جانے کے فتوے کے بعد سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور فتوے کو غلط قرار دیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میری ذاتی رائے ہے کہ وی پی این کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کا بنتا ہی نہیں ہے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے خواہ مخوا اس معاملے پر اپنی رائے دی ہے، مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے کیوں اس رائے کا اظہار کیا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میں سمجھتا ہوں کہ راغب نعیمی صاحب نے غیر مناسب رائے دی ہے، انہوں نے حکومت کو سپورٹ کیا ہے لیکن ان کی سپورٹ الٹا حکومت کے لیے تنقید ثابت ہوئی ہے، انہیں چاہیے تھا کہ اس رائے کا اظہار کرنے سے پہلے کسی سے مشورہ کر لیتے، میں سمجھتا ہوں کہ وی پی این کا شریعت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اسلامی نظریاتی کونسل نے اسے خواہ مخواہ شرعی اور غیر شرعی کے چکر میں ڈال دیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وی پی این کا استعمال غیر شرعی نہیں ہے، اس پر کوئی گناہ یا سزا نہیں ہو گی، آپ بے دھڑک وی پی این کا استعمال کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔