راولپنڈی(آئی پی ایس )بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلگتر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔آپریشن 12 اور 13نومبر کی درمیانی شب کیا گیا، شدید جھڑپ کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا سرغنہ ثنا عرف بارو بھی مارا گیا، ثنا عرف بارو مجید بریگیڈ کیلئے خودکش بمباروں کی بھرتی کا ایجنٹ تھا۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائی، مجید بریگیڈ کیلئے خودکش حملہ آور بھرتی کرنے والا دہشتگرد 4ساتھیوں سمیت ہلاک
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔