Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزاساتذہ کو اپنے پیسے چاہییں تو وفاق کے خلاف تحریک میں ہمارا ساتھ دیں، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

اساتذہ کو اپنے پیسے چاہییں تو وفاق کے خلاف تحریک میں ہمارا ساتھ دیں، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

پشاور:وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل ترکئی نے صوبہ میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو پیشکش کی ہے کہ اگر انہیں اپنے پیسے اور ترقیاں چاہییں تو وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر زیرگردش ویڈیو میں وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل ترکئی کو کہتے سنا جاسکتا ہے، ’صوبے میں 2 لاکھ اساتذہ ہیں، وہ ہماری تحریک میں شامل ہوں، ہم نے ہر ہفتے جلسہ اور احتجاج کرنا ہوتا ہے، اساتذہ نکلیں اور ہمارے ساتھ احتجاج میں شامل ہوں۔‘
صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اساتذہ کو اگر اپ گریڈیشن اور پروموشن چاہیے تو ہمارے ساتھ نکلیں، احتجاج کریں اور صوبے کے لیے آواز اٹھائیں، وفاق نے ہمارے 1700 ارب روپے روکے ہوئے ہیں ہمارے ساتھ وہ لیکر آئیں، ہمیں خواہ مخواہ اساتذہ کے پیسے روکنے کا کوئی شوق تو نہیں۔
واضح رہے کہ آل پرائمری ٹیچرز ایسویس ایشن خیبرپختونخوا نے رواں ماہ کے آغاز میں اساتذہ کی اپگریڈیشن کے لیے بھرپور احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ اساتذہ نے 5 نومبر کو صوبہ بھر میں پرائمری اسکولوں کو تالے لگا دیے تھے اور ریلی کی شکل میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے قریب جناح پارک پہنچ کر دھرنا دے دیا تھا۔
تاہم، 9 نومبر کو خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد پرائمری اساتذہ نے 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے پیر سے اسکولز کھولنے کا بھی اعلان کردیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔