Wednesday, October 16, 2024
ہومبریکنگ نیوزشنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد:(آئی پی ایس) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کے دو روزہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے رکن ممالک کے سربراہان پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہوگا، جو اس وقت کونسل کے چیئر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، اجلاس کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق 26 اکتوبر 2023 کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے اجلاس میں 24-2023 کے لئے سربراہان حکومت کی کونسل کے چئیر کے طور پر پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ حکومتی سربراہان کی کونسل، شنگھائی تعاون تنظیم کے اندر دوسرا اعلیٰ ترین فورم ہے جس کا بنیادی مقصد سماجی، اقتصادی، تجارت اور مالیاتی شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔اجلاس کے اہم شرکاء میں چین، روس، کرغزستان، بیلاروس، تاجکستان، بھارت، ایران، ترکمانستان، قازقستان، منگولیا اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
منگولیا ایک مبصر ریاست کے طور پر سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے جس کی نمائندگی وزیر اعظم اویون اردین لویسنا مسرای جبکہ ترکمانستان کی خصوصی نمائندگی ترکمن وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد میریدوف کررہے ہیں۔پاکستان آمد پرہوائی اڈے پر معززین کا پرتپاک استقبال کیا گیا، روایتی لباس، پھولوں اور سرخ قالین سے نشان زد کیا گیا جو تقریب کی اہمیت اور اقوام کے درمیان مضبوط رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور ان کے وفد نے نور خان ایئر بیس پر جمہوریہ کرغزستان کے وزیراعظم اکیل بیک ژاپاروف کا پرتپاک استقبال کیا۔ اسی طرح بیلاروسی وزیراعظم رومان گولوف چینکو کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے استقبال کیا۔ مزید برآں تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پرتپاک استقبال کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر پہنچے جہاں ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا الیاس محمود نظامی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دریں اثناء ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین راشد میریدوف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔
قازقستان کے وزیر اعظم اولژاسبیک تینوف تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر سرمایہ کاری، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اسی طرح منگولیا کے وزیر اعظم اویون اردین لویسنا مسرای کا استقبال وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات علی پرویز ملک نے کیا۔ نور خان ایئر بیس پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے روسی وزیر اعظم میخائل مشوستنن کا استقبال کیا۔
اجلاس میں دیگر اہم شخصیات میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر رسلان مرزایوف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹر بینک یونین کے چیئرمین مارات یلی باؤف شامل تھے۔
باضابطہ اجلاس شروع ہونے سے قبل، وزیر اعظم شہباز شریف قائدین کا استقبال کریں گے، جس کے بعد ایک گروپ فوٹو سیشن ہوگا۔ اجلاس میں شریک قائدین کے بیانات سے قبل، وزیر اعظم شہباز شریف ابتدائی کلمات سے اجلاس کی کارروائی کا آغاز کریں گے۔ بعد میں مختلف دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے اور وزیراعظم اختتامی کلمات پیش کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ کے ہمراہ دو روزہ سربراہی اجلاس کے چیدہ چیدہ نکات اور نتائج پر تبادلہ خیال کے لیے میڈیا بیانات دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں کے اعزاز میں بدھ کو ایک سرکاری ظہرانہ بھی دیں گے۔
یہ اجلاس پاکستان کے عالمی فورمز پر کردار اور شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کی حمایت کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔