اسلام آباد ، ملک بھر میں ترسیلات زر میں 18 سال کا سب سے تیز ترین سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 21 میں ترسیلات زر میں 27 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، پاکستان کو کل 29 ارب 40 کروڑ ڈالرز سے زائد موصول ہوئے۔
سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ترسیلات زرمالی سال 21 میں 29.4 ارب ڈالرکی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں، کارکنوں کی ترسیلات زرکی مد میں 2 ارب ڈالرسے زائد آنے کا ریکارڈ مسلسل 13ویں مہینے جاری رہا۔سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے جون 2021 میں تقریبا 2 اعشاریہ 7 ارب ڈالربھجوائیں جو جون 2020 سے 9 فیصد اورمئی 2021 سے 8 فیصد زائد ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق پچھلے برس کی نسبت ترسیلات زرمیں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جوگزشتہ مالی سال کی ترسیلات میں نمومالی سال 2003 سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے۔
