اسلام آباد (آئی پی ایس )اسلام آباد جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا پولیس سے تصادم ہوا ہے۔
26 نمبر چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکا نے پتھراو کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس موبائل اور پولیس وین پر بھی حملہ کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراو سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی جانب سے بھی جوابی شیلنگ کی گئی۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکا نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراو کیا، پتھرا سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراو کا سلسلہ جاری ہے۔حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔
دوسری طرف وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
پی ٹی آئی کارکنوں کا پتھراو،وزیر داخلہ کا نوٹس، چھبیس نمبر چونگی پر پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری طلب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
