واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ ایران سے معاہدوں پر غور کرنے والوں کو ممکنہ اثرات سے آگاہ رہنا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایران کی جانب سے پاکستان کو پائپ لائن مکمل کرنے پر نوٹس دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر پابندیوں کے باعث پاکستان پائپ لائن مکمل نہیں کرپارہا، ہم ایران کے خلاف اپنی پابندیوں کا نفاذ جاری رکھیں گے۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد کرنا امریکا کی ترجیح ہے، ہم حکومت پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبہ پر بات چیت جاری رکھیں گے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا گزشتہ ہفتے بلوچستان میں عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتا ہے پاکستانی عوام نے انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دل متاثرہ پاکستانیوں کے اہل خانہ اور پیاروں کے لیے دکھتے ہیں، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنا امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، امریکا دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران نے پاکستان کو اپنا آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت پائپ لائن کی تعمیر نہ کرنے پر ایران ستمبر 2024 میں پاکستان کے خلاف پیرس کی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
