اسلام آباد(سب نیوز )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کیسز کے فیصلے جیسے ہونے چاہیے تھے نہیں ہو رہے، جب تک 9 مئی کا شاخسانہ حل نہیں ہوتا کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔خواجہ آصف نیکہا کہ 9 مئی کے کیسز کے فیصلے جیسے ہونے چاہیے تھے نہیں ہو رہے، 9 مئی میں ملوث افراد کو آج بھی قانون کا سہارا مل رہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس قسم کا کوئی بھی چانس نہیں ہے کہ 9 مئی کو بھولا جا سکے، 9 مئی کو ایک گروہ نے منظم سازش کے تحت بغاوت برپا کی اور وہ ناکام ہوگئی، وہ بغاوت افواج پاکستان کے اتحاد کے خلاف تھی، وہ بغاوت ایک شخص نے برپا کی جو اپنا اقتدار کھو چکا تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا شاخسانہ جب تک حل نہیں ہوتا مذاکرات قطعی نہیں ہوسکتے، حکومت کہیں نہیں جا رہی، میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا ہو رہا ہے، اللہ کا فضل ہے موجودہ حالات نئے انتخابات کی کوئی ڈیمانڈ نہیں کرتے، اگر کبھی بھی انتخابات قبل از وقت ہونے ہوئے تو یہ فیصلہ حکومت کریگی۔
